کنٹرول لائن کی صورتحال پر گہری تشویش ، پاکستان، بھارت مذاکرات سے مسائل حل کریں
نیویارک (کے پی آئی) کنٹرول لائن پر پاکستان‘ بھارت افواج کے درمیان تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دونوں ملکوں کو افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کے ترجمان سٹیفن ڈوجریک نے اس سلسلے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سیکرٹری جنرل قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ بھارت‘ پاکستان کو تصفیہ طلب مسائل کا حل برآمد کرنے کیلئے مذاکرات کے حامی ہیں۔ بے شک ہم قریب سے صورتحال کا مشاہدہ کر رہے ہیں،جیسا کہ ہم ہمیشہ کرتے ہیں،اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان کسی بھی تصفیہ شدہ مسئلہ کو حل کرنے کیلئے بات چیت کی حوصلہ افزائی کریں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے بات کی،تو انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فی الوقت رپورٹ کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔