عامر خان ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے تھے‘ حیدر عباس سے شکایت بھی کی: ار م عظیم
کراچی (اے این این) ایم کیو ایم کی سابق رہنما ارم عظیم نے کہا ہے کہ عامر خان انہیں ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہتے تھے، ان کی اس حرکت پر حیدر عباس سے شکایت بھی کی تھی۔ ارم عظیم کا ایک ویڈیو بیان جاری ہوا ہے جس میں انہوں نے انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی اور عامر خان پر کڑی تنقید کی اور الزام لگایا کہ خالد مقبول صدیقی امریکہ میں جہاں رہتے وہاں رشتہ بھجوا دیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا تحریک میں کارکن عزت دیتے تھے۔ جب عامر خان نے دوبارہ پارٹی جوائن کی تو میں ان کو نہیں جانتی تھی، جب میں رابطہ کمیٹی جاتی تو یہ ایسی باتیں کرتے کہ میں کوئی ردعمل دوں، یہ لیڈیز پرگندی نظر رکھتے تھے۔ انہوں نے عامر خان کو للکارتے ہوئے کہا کہ اپنی نظروں کو اپنے پاس رکھو، میں کراچی میں ہوں سامنے آجائو، میں تمہیں بتائوں گی تمہاری اوقات کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادرآباد والے گلی کے غنڈے ہیں اور وہ وقت دور نہیں ہے جب چند لوگوں کی وجہ سے اس پارٹی پر بھی پابندی لگ جائے گی۔ پی آئی بی اور بہادرآباد والے ایک نہیں ہوسکتے۔ دوسری طرف ترجمان ایم کیو ایم بہادر آباد امین الحق نے ارم عظیم فاروقی کو ماہر نفسیات سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے لوگ پارٹی کے لیے دھبہ ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی سابق رہنما ارم عظیم فاروقی کے ویڈیو بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد نے کہا کہ انہوں نے سینٹ الیکشن میں پیسے لے کر پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، ایسے لوگ پارٹی کے لیے دھبہ ہیں۔