یوم پاکستان: بحریہ کا ملی نغمہ ’’موجوں پہ قدم‘‘ آئی ایس پی آر نے چیئرمین سینٹ ‘ سپیکر قومی اسمبلی ‘ وزیردفاع‘ اطلاعات‘اپوزیشن لیڈر کے پیغامات کا پرومو جاری کردیا
اسلام آباد+راولپنڈی (نوائے وقت نیوز+این این آئی) یومِ پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ نے اپنا نیا ملی نغمہ’ موجوں پہ قدم‘ اور خصوصی پرومو’پاکستان مبارک‘ ریلیز کر دیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملی نغمہ ’ موجوں پہ قدم‘ پاک بحریہ کی چار جہتی صلاحیتوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا خصوصی پرومو ’ پاکستان مبارک‘ وطن سے محبت کی سرشاری اور اس جذبے سے وابستہ خدمت کی وہ کرن ہے جو جغرافیائی اور مذہبی تقسیم سے بے نیاز ہمارے مستقبل کو روشن کر رہی ہے۔دوسری طرف پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم پاکستان کیلئے چیئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی ، وزیر دفاع ،وزیر اطلاعات اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے پیغامات پر مشتمل نیا پرومو جاری کر دیا ۔ پرومو میںچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آئیں اپنے وطن عزیز کو پرامن اور خوشحال بنائیں،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ امن کا نشان ہمارا پاکستان ہم سب کی مشترکہ جستجو ہے ۔ وزیر دفاع خرم دستگیرنے کہا کہ مضبوط دفاع محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔وزیر مملکت اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر تمام تقسیم اور تفریق کی لکیروں کو مٹا کرایک ہوجائیں ۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا پاکستان ہے ۔