عالمی ترقیاتی اداروں کی رہنمائی کیلئے سندھ ڈیولپمنٹ فورم قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے صوبے میں یو ایس ایڈسمیت دیگر عالمی ترقیاتی اداروں کو صوبے کی ضروریات‘ ترجیحات کا تعین اور حکمت عملی میں مشاورت کے لئے سندھ ترقیاتی فورم (SDF) کو منظم کردیا ہے تاکہ صوبے میں ان اداروں کی ترقیاتی اسکیموں کو زیادہ موٗثر انداز سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایف کے تحت ایک روزہ کانفرنس 28 مارچ کو سندھ حکومت کے تعاون سے منعقد کی جائے گی جس میںعالمی بینک اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر، یو ایس ایڈ کے مشن ہیڈ، پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی تنظیموں، کاروباری اداروں، اکیڈ میز اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں سندھ میں ترقی کے حوالے سے اگلے 10 برسوںکے لئے سندھ میں باہمی تعاون کے لئے وسیع فریم ورک تیار کرنے کے علاوہ ترقیاتی ترجیحات کا اشتراک، اہم اصلاحات، اور بنیادی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ترجیحات کو فوکس کیا جائے گا۔ کانفرنس دو سیشن پرمشتمل ہوگی۔ پہلا سیشن سندھ میںوسیع پیمانے پر ترقی کے فروغ اورمختلف موضوعات / شعبوں کے لئے کلیدی سیشن ہوگا جبکہ دوسرے سیشن میںزراعت و خوراک کے تحفظ پر تفصیلی مباحثے کے علاوہ صحت؛ تعلیم، توانائی اور انفراسٹرکچر، پانی، صفائی اور میونسپل سروس، اقتصادی ترقی، نجی شعبے، ملازمت اور مہارت؛ عوامی فنانس مینجمنٹ؛ غربت کم کرنے اور غذائیت. کے موضوعات پر کانفرنس کا اختتام ہوگا۔کانفرنس کے ذریعے عالمی شراکت دار اور حکومت سندھ ٹھوس اقدامات ‘سفارشات اور حکمت عملی تیاری اوراس پر مل کر کام کرینگے تاکہ صوبے کے لئے مشترکہ اور جامع ترقیاتی حکمت عملی میں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔