اسٹیج فنکار اور صحافی عادل مراد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
کراچی(کلچرل رپورٹر) سوشل افیئرز کلب کے مرکزی چیئرمین مظفر برلاس کی زیر صدارت سینئر صحافی‘ معروف اسٹیج فنکار اور وحید مراد میموریل سوسائٹی کے صدر عادل مراد کے انتقال پر مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوا۔ اس موقع پر مظفر برلاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عادل مراد کو شعبہ صحافت سے وابستگی پر فخر رہا۔ زندگی کی آخری شب تک انہوں نے دفتر میں صحافتی ذمہ داری سر انجام دیں۔ مسرت روحی نے کہا کہ عادل مراد کی وجہ شہرت صحافت کے علاوہ اسٹیج فنکار کے حوالے سے بھی رہی۔ انہوں نے 300 ڈراموں میں کردار نگاری کی۔ مہ جبیں نے کہا کہ عادل مراد کی قدرتی طورپر ایک پہچان یہ رہی کہ وہ چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ہم شکل تھے۔ رسول بخش چنا نے کہا کہ عادل مراد نے اپنے فن اداکاری سے معاشرتی کرداروں کی عکاسی کی۔ ڈاکٹر شاہد میمن نے کہا کہ عادل مراد کی کردار نگاری براہ راست احساسات کو پیغام دیتی ہے۔ نادیہ شیخ نے کہا کہ اظہار فن کے لئے جس ذہنی‘ جسمانی اور فنی توازن کی ضرورت ہوتی ہے وہ عادل مراد میں نمایاں تھی۔ خالد شیخ نے کہا کہ عادل مراد صحافتی اور فنی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکے گا۔