وزیر دفاع خرم دستگیر خان سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے دور سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سفیر حماد ابراہیم سالم الزابی نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ پہلے سے موجودہ دوستانہ خوشگوار اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنی صلاحیتوں اور عہدے کو بروئے کار لائیں گے۔ ملاقات کے دوران موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خاص طورپر دفاعی صنعت میں اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیش کش بھی کی۔