کوئلے سے مالا مال تھر معاشی ترقی کا ضامن ثابت ہو گا: مراد علی شاہ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کوئلے کے ذخائر سے مالا مال ضلع تھر کو ترقی دینے کیلئے تھر فائونڈیشن کے تشکیل کی منظوری دیدی ہے جس کے مقاصد میں سماجی شعبے مثلاً تعلیم‘ صحت‘ پانی کی فراہمی و دیگر شعبوں کو ترقی دینا شامل ہے۔ انہوں نے یہ منظوری گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس میں تھر کول کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری رضوان میمن ‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ‘ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت‘ سیکرٹری ایجوکیشن اقبال درانی‘ سیکرٹری انرجی آغا واصف‘ ایس ای سی ایم سی چیف شمس الدین شیخ‘ کمشنر کراچی اعجاز خان اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ کوئلے کی کان کنی اور بجلی کے منصوبوں کی بدولت تھر میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور تھر ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہو گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر بلاک ٹو مستقبل کے پاور پلانٹس کیلئے ایک بہترین آپشن ہے۔ تھر کے لوگ سندھ حکومت اور نجی شراکت دار وں کی تھر میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے مستفید ہوں گے۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت تھر فائونڈیشن کو کمیونٹی ڈیولپمنٹ کیلئے 900 ملین روپے کی گرانٹ دے گی اور کان کنی اور پاور جنریشن سے حاصل ہونے والی رائلٹی بھی تھر کے علاقے میں سماجی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔