چین کا اقتصادی منصوبہ خطے کے لئے گیم چینجر ہوگا،راحیلہ درانی
کراچی (نمائندہ نوائے وقت )اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ سی پیک سے ہونے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔ سی پیک منصوبے کے تحت بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور انرجی سپلائی سے ترقی اور خوشحالی کیساتھ ساتھ معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بد ھ کے روز کراچی میں حکومت بلوچستان ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اور بلوچستان اکنامک فورم کے اشتراک سےCPEC: HIDDEN DIMENSIONS کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ہمارے خطے کیلئے اس صدی کا گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے اقتصادی ترقی اور روزگارکی نئی راہیں کھلیں گی ۔ اس سے بڑھ کر اس منصوبہ کی تکمیل سے خطے میں امن اور معیشت کی ترقی ہوگی ۔اسپیکر نے کہاکہ جب ہم سی پیک کی بات کرتے ہیں تو بلوچستان کا ذکر کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے کیونکہ اس نئے منصوبے نے بلوچستان کو پاکستان کی نئی معاشی فرنٹیئر کے طور پر ابھرنے کے امکان میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کم آبادی اور وسیع رقبہ کے باعث معاشی لحاظ سے ماضی میں متاثر ہوا ہے لیکن اس عظیم منصوبہ کی بدولت نہ صرف ہمارے صوبہ بلکہ پورے ملک کا معاشی منظر تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ آج سی پیک کے تحت بلوچستان میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ روڈ نیٹ ورک کی تعمیر بھی ہورہی ہے۔ مقامی لوگوں نے چین کوگوادر سے منسلک کرنے والی تعمیر شدہ سڑکوں پر شاپس ، ہوٹلز اور گھر بناناشروع کردیئے ہیںجس سے نچلی سطح پر لوگ خوشحال ہونگے انڈسٹریز کا نکنی اور خاص کر ماربل اور گرینائٹ انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ مقامی لوگوں کی معاشی اور سماجی تبدیلی کے باعث بلوچستان میں وسیع روزگار اور بزنس کے مواقعوں کی راہ ہموار ہورہی ہے۔ انہو ں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس اہم منصوبہ پر عملدرآمد کے لے شفافیت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے تاکہ لوکل کمیونیٹز میں اس حوالے سے کوئی شکوک پیدا نہ ہوں ۔