پاک سرزمین پارٹی کا دوسرا یوم تاسیس آج منایا جائے گا‘ تیاریاں مکمل
کراچی (خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کا دوسرا یوم تاسیس بھرپور جوش و خروش کے ساتھ آج منایا جا رہا ہے اس سلسلے میں میرپور خاص مہاجر کالونی گراؤنڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد ہو گا جس سے پی ایس پی کے چیئرمن سید مصطفی کمال فکر انگیز خطاب کریں گے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ میرپور خاص کے مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے پرجوش کارکنوں کا کہنا ہے کہ میرپور خاص کا جلسہ عام نئی تاریخ رقم کرے گا۔ میرپور خاص مہاجرٰ گراؤنڈ میں جہاں پاک سرزمین پارٹی یوم تاسیس کے موقع پر طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے پنڈال سج چکا ہے اور اسٹیج تیار ہے‘ جلسہ گاہ کے چاروں طرف پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کی تصاویر اور پرچم آویزاں ہیں‘ مختلف شہروں سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ 9 سال بعد شہر میں ہونے والا بڑا سیاسی اجتماع نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔ شہر کے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں خیرمقدمی نعروں اور ترانوں کے ذریعے کارکنوں کا جوش بڑھایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے حیدر آباد میں ممبر سازی مہم کے سلسلے میں ٹاؤن ایچ‘ ٹاؤن آئی اور 10 نمبر لطیف آباد کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود لوگوں سے ملاقات کی اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی وائس چیئرمین وسیم آفتاب‘ ممبر سی ای سی ساجد بلوچ‘ ممبر نیشنل کونسل آسیہ اسحق‘ حفیظ الدین‘ آفاق جمال اور دیگر بھی ہمراہ بھی موجود تھے۔ پی ایس پی کے چئیرمین مصطفی کمال نے کہاکہ نفرت کی سیاست کے بجائے محبت کے پیغام کو پھیلا نے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور آئندہ الیکشن میں پی ایس پی بڑے بڑے بت گرائے گی۔