انتخابی فہرستوں کے ڈسپلے کیلئے 14 ہزار 487 سنٹر قائم کئے جائیں گے
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ووٹر نظر ثانی مہم کے دوران تیار کر دہ ابتدائی ووٹر فہرستوں کیلئے 26 مارچ سے ڈسپلے سینٹر کھول دے گا۔ ووٹ کے اندراج ، اخراج اور کوائف کی درستگی کیلئے ملک بھر میں 14ہزار 487 ڈسپلے سنٹرز قائم کئے جائیں گے جوکہ 26 مارچ 2018 سے چاروں صوبوں اور فاٹا میں عوام کی سہولت کیلئے کھول دئیے جائیں گے ۔ان ڈسپلے سنٹرز میں پنجاب 7928 سندھ 2585خیبر پختونخواہ 2545 بلوچستان 1429شامل ہیں ۔ الیکشن نے نادرا کے تعاون سے الیکشن 2013ء کے بعد سے لے کر سال 2018ء کے تک جن شہریوں نے نئے شناختی کارڈ بنوائے ان کے ناموں کے اندراج کو انتخابی فہرستوں میں یقینی بنایا ہے ۔ نظر ثانی مہم کے دوران ایسے تمام ووٹروں کے نام حذف کئے ہیں جنکی نادراکے ریکارڈ میں فوتگی درج ہیں اور ان پاکستانیوں جو اپنی شہریت ترک کرچکے ہیں یاکسی بھی وجہ سے ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ نئے ووٹروں کے اندراج اور فوت شدہ ووٹوں کے اخراج کے بعد ابتدائی انتخابی فہرستیں تیارکی گئی ہیں اور انہیں ڈسپلے سنٹرز میں عوام الناس کے معائنہ کے آویزاں کیا جائے گا۔ اور شہریوںکویہ موقع فراہم کیا جائے گا۔تاکہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے انتخابی فہرستوں میں درج ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو اندراج ، اخراج اور درستگی کروائیں۔