بلو چستان خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہے‘ عاصم باجوہ
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت/ این این آئی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہے‘ سی پیک سمیت دیگر میگا منصوبوں سے ہونے والی ترقی پر سب سے پہلا حق بلوچستان کے نوجوانوں کا ہے ہمیں نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا سا منا کرنے کیلئے تیار کرنا ہے‘ عوام صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ماحول کی بہتری کیلئے سیکورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دے بلوچستان میں آئند سال مزید چار جیپ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا یہ بات انہوں نے بدھ کو بولان کے علاقے بی بی نانی میں بولان چیپ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں‘ صوبے میں سماجی و اقتصادی شعبے میں ترقی کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے مستقبل قریب میں بلوچستان میں ترقی کے کئی مواقع آ رہے ہیں جن سے فائدہ اٹھا نے کیلئے ہمیں مل کر اپنے نوجوانوں کو تیار کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف ان مواقوں سے فائدہ اٹھائیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کو آگے لے کر جانے کیلئے مشترکہ طور پر کام کر نے کی ضرورت ہے صوبے میں آنے والے میگا پروجیکٹس پر سب سے زیادہ حق یہاں کے نوجوانوںکا ہے اور یہ ہمارے ذمہ داری ہے کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو مواقع فراہم کریں جسے ہم ہر صورت نبھائیں گے۔