عالمی یوم شاعری نفرتوں کو ختم کرنے کے عہد کا دن ہے،قاضی ہمایوں
اسلام آباد(نیوزڈیسک)عالمی یوم شاعری پر گزشتہ روز یوتھ ہاسٹل ایسوسی ایشن نے ایک محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا جس کی صدارت نامور شاعر وفا چشتی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض منیرفیاض نے ادا کیے۔سیکرٹری یوتھ ہاسٹل سابق سفیر قاضی ہمایوں نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم شاعری نفرتوں اور فاصلوں کو ختم کرنے کا دن ہے۔شاعر وادیب معاشرے کا حسن ہوتے ہیں۔قاضی ہمایوں کا کہنا تھا انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیز بخشنا معاشرے میں رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کا سبب ہے ۔ عالمی ادارہ برائے تعلیم ، سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے پہلی مرتبہ 1999میں 21مارچ کو عالمی سطح پر یوم شاعری قرار دیا تھا۔ آج آپ لوگوں کو یہاں دعوت دینے کا سبب نہ صرف انٹرنیشنل ڈے کو منانا ہے بلکہ نوجوان شاعروں کو سن کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرنا ہے۔ چونکہ یوتھ ہاسٹل ایسوسی ایشن ایک بین الاقوامی تنظیم ، انٹرنیشنل یوتھ ہاسٹل ایسوسی ایشن ،سے منسلک ہے ، یہاں گاہے بگاہے بین الاقوامی ایّام منائے جاتے ہیںمحفل مشاعرہ میں شریک دیگر شعرا میں انوار فطرت ،انجم خلیق،شیدا چشتی،اصغر عابد،عابدہ تقی ،خورشیدربانی،ڈاکٹرفاخرہ نورین،علی قسور خلیق،شمامہ افق اور جیا شاہ شامل ہیں۔ شائقین کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی جنھوں شعرا کو دل کھول داد دی۔اصغر عابد نے قائداعظم کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرکے مشاعرہ لوٹ لیا۔شعرا نے سرائیکی ،پنجابی اوراردو کلام پیش کرکے داد سمیٹی۔نامور کہانی کار مظہرالاسلام،معروف صحافی زبیر قریشی،نامور فوٹو گرافر بشیر سلطان اور دیگر ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔