اسلام آباد:لیگی رہنماؤں کا نثار کیخلاف بیان بازی اور کردار کشی کی مہم کا نوٹس
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں اور دیرینہ کارکنوں نے نثار علی خان کے خلاف بیان بازی اور الیکٹرانک میڈیا پر کردار کشی کی مہم کا سخت نوٹس لیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف فوری طورپر مداخلت کر کے سیز فائر کرائیں بصورت دیگر پارٹی کے لئے نامناسب صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ بدھ کی شب نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے ایک سینئر ترین رہنما نے کہا کہ پارٹی کے ’’بانیان‘‘ کی جس طرح پگڑی اچھالی جا رہی ہے اس کے منفی نتائج نکلیں گے۔ اس صورتحال میں پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے بھی شدید ردعمل آ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی طرف سے اعلیٰ فورم کا جلد اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی گئی ہے جس میں پارٹی میں ڈسپلن قائم کرنے کی تاکید کی جائے گی۔