ووٹ کے اندراج‘ اخراج‘ درستگی کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سنٹرز قائم
اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 26 مارچ سے ڈسپلے سنٹرز قائم کر دیئے۔ جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کے تیاریوں کے سلسلے میں ووٹ کے اندراج ، اخراج اور کوائف کی درستگی کیلئے ملک بھر میں 14487 ڈسپلے سنٹرز قائم کردئیے ہیں جوکہ 26 اپریل 2018 سے چاروں صوبوں اور فاٹا میں عوام کی سہولت کیلئے کھول دئیے جائیں گے۔ ان ڈسپلے سنٹرز میں پنجاب 7928 سندھ 2585خیبر پی کے 2545بلوچستان 1429شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے الیکشن 2013ء کے بعد سے لے کر سال 2018ء کے ابتدا تک جن شہریوں نے نیا شناختی کارڈ بنوایا ہے ان کے ناموں کے اندراج کو انتخابی فہرستوں میں یقینی بنایا ہے۔ مزید براں ایسے تمام ووٹروں کے ووٹ حذف کئے ہیں جن کی نادرا کے ریکارڈ میں فوتگی درج ہے یا وہ پاکستان کی شہریت ترک کر چکے ہیں یا کسی بھی وجہ سے ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ نئے ووٹروں کے اندراج اور فوت شدہ ووٹوں کے اخراج کے بعد ابتدائی انتخابی فہرستیں تیار کی گئی ہیں اور انہیں ڈسپلے سنٹرز میں عوام کے معائنہ کیلئے رکھا جائے گا۔