یوتھ لون پروگرام ‘ مریم نواز سے تقر ر نامہ طلب کرنے کی درخواست
لاہور (نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کے چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام کے تقرر نامہ کی طلبی کیلئے دائر درخواست پر یوتھ لون پروگرام انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی جس میں مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام تقرر نامہ فراہم نہ کرنے کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق یوتھ لون پروگرام انتظامیہ نہ تو مریم نواز کا تقرر نامہ فراہم کررہی ہے اور جاری کردہ احکامات کی دستاویزات نہیں دے رہی ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ پروگرام کی چیئرپرسن کی حیثیت سے مریم نواز کے شائع اشتہارات کے اخراجات کی تفصیل نہیں دی جارہی۔ یہ دستاویزات خفیہ نہیں ہے اور آئین کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، عدالت نے درخواست پر سماعت چار اپریل تک ملتوی کر دی۔