دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اعلیٰ سطح پر احتجاج کے باوجود نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بھارت میں پاکستان ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ کو ہراساں کرنے کے تازہ ترین واقعات سے آگاہ کر دیا ہے اور باور کرایا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت یہ بھارت کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستانی سفارتی عملے اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائے۔گزشتہ روز پاکستان کے سفارت کاروں کو ہراساں کر نے کے دو مزید واقعات سامنے آئے جن میں پاکستان ہائی کمیشن کے عملے کے اراکین کو بھارتی دارالحکومت کی مصروف شاہراہ پر روک کر ہراساں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتی عملے اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا معاملہ گزشتہ سولہ دن سے جاری ہے، نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود اس معاملہ پر مشاورت کے لئے یہاں موجود ہیں۔ پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ سات مارچ سے شروع ہوا تھا۔ بھارتی ایجنسیاں پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی گاڑیاںکو روک کر انہیں ہراساں کر رہی ہیں۔ ہراساں کرنے کے تازہ واقعات حال ہی میں نئی دہلی میں تعینات پاکستان کے دو سفارتکاروں کے ساتھ پیش آئے ہیں۔