تعلیم اور اخلاقیات کے درمیان توازن ناگزیر ہے‘ وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/ اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقدار پر مبنی تعلیم کے فروغ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور اخلاقیات کے درمیان توازن ناگزیر ہے، اخلاقیات اور اقدار پر مبنی فیصلے پائیدار اور بلند حوصلے کا باعث ہوتے ہیں، ہم سیاسی اور جمہوری اقدار پر عملدرآمد کرتے ہوئے اخلاقی بنیادوں پر فیصلے کرتے ہیں جس سے کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ایک نجی سکول کے زیراہتمام ’’اقدار پر مبنی تعلیم‘‘ کے بارے میں کانفرنس 2018ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹاک شوز میں بعض اوقات اقدار کا خیال نہیں رکھا جاتا، اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے افغانستان کے سفیر حضرت عمر زخیوال نے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان میں پائیدار امن کے حوالے سے کوششوں پر بات چیت کی گئی۔