علماء اور سکالرز اسلامی ثقافت کی حفاظت کیلئے کام کریں‘ صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے علماء اور سکالرز کو چاہئے کہ وہ اجنبی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے اور اسلامی ثقافت کی حفاظت کے لئے ٹھوس انداز میں کام کریں۔ تاکہ انسانیت کو فکری انتشار اور افراتفری سے محفوظ کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ مصر کے مفتی اعظم نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور پاکستان میں مصر کے سفیر بھی موجود تھے۔ صدر نے مصر کے مفتی اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان اور مصر کے تعلقات کو مستحکم بنانے اور ان میں گہرائی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور مصر بین الاقوامی معاملات پر یکساں فکر اور سوچ رکھتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ اسلامی دنیا کو قرآن و سنت کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ اسلامی ملکوں کو انتہا پسندی کو روکنے کے لئے بھی حکمت عملی وضع کرنا چاہئے۔ صدر نے کہا کہ پاکستانی علماء کی طرف سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف فتوی اس سلسلے میں ایک ٹھوس مثال ہے۔ صدر نے اسلام کی ترویج اور اشاعت کے لئے جامع الازہر کے کردار کی تعریف کی۔ پاکستان اور مصر کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔