والدہ کی طبیعت پہلے سے بہتر، ڈاکٹر کہہ رہے ہیں فیملی اور شوہر کو پاس ہونا چاہئے: حسین نواز نواز شریف کے چند روز میں لندن جانے کا امکان
لندن/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اب بہتر ہے، دس گھنٹے ہسپتال میں رہیں، اگلے دن بھی کلثوم نواز کو ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو ڈرپس لگائیں، وہ 9 گھنٹے ہسپتال میں رہیں۔ کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہوئی تو انہوں نے گھر جانے کی خواہش ظاہر کی۔ ہسپتال والوں نے کلثوم نواز سے کہا کہ آپ رک جائیں آپ ہماری کیئر میں ہیں۔ کلثوم نواز گھر جانا چاہتی تھیں اس لئے ہم انہیں اپنے ساتھ گھر لے آئے۔ کلثوم نواز کا علاج جاری ہے، قوم سے درخواست ہے ان کیلئے دعا کریں۔ ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ کلثوم نواز کی فیملی اور ان کے شوہر کو یہاں ہونا چاہئے۔ کینسر کے ڈاکٹرز صرف ایک ڈاکٹر کی رائے پر نہیں چلتے۔ ہماری دعا اور خواہش ہے کہ نواز شریف لندن آجائیں کیونکہ یہ عام معاملہ نہیں، نواز شریف کو لندن آجانا چاہئے۔ نواز شریف عدالت میں درخواست دے چکے یا دینے والے ہیں مجھے معلوم نہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آئندہ چند روز میں برطانیہ کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ زیرعلاج بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ایک ہفتہ تک لندن میں قیام کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔
حسین نواز