کالا باغ ڈیم کی تعمیر‘ ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم کو نوٹس جاری کر دیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے خلاف کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سینئر قانون دان اے کے ڈوگر کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی جس میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق ملک میں پانی اور بجلی بحران کو ختم کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے۔ حکومتوں نے سیاسی بنیادوں پر کالا باغ ڈیم نہیں بنایا۔ عدالتی فیصلے کی روشنی میں مشترکہ مفادات کونسل کو کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ وزیراعظم جبکہ چاروں وزرائے اعلیٰ اسکے ارکان ہیں لیکن عدالتی کے فیصلے کے باوجود وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے ابھی تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا۔ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرکے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں اس لیے ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 17 مئی تک ملتوی کر دی۔
جواب طلب