اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ اے پی اے) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) حامد علی مرزا کل تین سالہ مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے الیکشن کمشن میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب ہوئی جس میں الیکشن کمشن کے حوالے سے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دوسری جانب موجودہ سیکرٹری الیکشن کمشن بھی ریٹائر ہو رہے ہیں۔ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا فیصلہ بھی ججز کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی مشاورت کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بھیجے جانے والے کسی نام کی منظوری دے گی نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تک چیف جسٹس سپریم کورٹ کے کسی جج کو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تعینات کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر کے دروازے پر جانے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمشن کنور دل شاد کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 217 اور 213 کے تحت وزیراعظم نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے پابند ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر