پانی کا عالمی دن آج منایا جائے گا: عوام آبی وسائل کے تحفظ میں معاونت کریں: صدر کا پیغام

22 مارچ 2012
اسلام آباد (آئی این پی+اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پانی کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اس موقع پر خصوصی سیمیناروں، کانفرنسوں اور تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستانی حکومت نے پانی کے عالمی دن کا موضوع ”پانی اور فوڈ سکیورٹی“ رکھا ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کیلئے غذائی تحفظ جیسے چیلنجوں سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں آبی وسائل کے تحفظ میں معاونت کریں۔ اس ضمن میں شعور اجاگر کرنے میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم یوسف گیلانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان میں پانی کی صورتحال خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ قوم خوراک کی قلت سے نمٹنے کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کے ضمن میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے وزارت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا بھرپور ساتھ دے۔