لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگی دھڑوں کے چار بڑوں میاں نوازشریف، چودھری شجاعت حسین، چودھری حامد ناصر چٹھہ اور پیر صاحب پگاڑا صبغت اللہ شاہ راشدی کے درمیان ملاقات کرانے کے لئے مسلم لیگ ضیاءالحق کے سربراہ اعجاز الحق سرگرم ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اعجاز الحق اور پیر پگاڑا صبغت اللہ راشدی کے درمیان رابطہ ہوا ہے، مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پنجاب سید احمد محمود نے اس سلسلے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اعجاز الحق نے پیر پگاڑا کو اپنے والد پیر صاحب پگاڑا سید علی شاہ مردان مرحوم کے مشن پر آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اعجاز الحق نے انہیں اس پر پر قائل کر لیا ہے کہ مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد اب قائم نہ ہو سکا تو پھر کبھی نہیں ہو سکے گا۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر صاحب پگاڑا اور میاں نوازشریف کے درمیان ملاقات اپریل میں ہو گی۔ دونوں رہنما¶ں کی ملاقات کے بعد میاں نوازشریف سے چودھری شجاعت حسین اور چودھری حامد ناصر چٹھہ کی ملاقاتیں کروانے کے لئے مسلم لیگی دھڑوں کے دیگر اہم رہنما اعجاز الحق، سلیم سیف اللہ، ہمایوں اختر خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار، سردار مہتاب خان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ ہمخیال کے درمیان انتخابی اتحاد کا بلیو پرنٹ تیار کیا جا چکا ہے تاہم اس کی منظوری میاں نوازشریف سے حاصل کرنا باقی ہے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے ذرائع کے مطابق دونوں دھڑوں کی کمیٹیوں کے ممبران کی رائے ہے کہ میاں نوازشریف اور حامد ناصر چٹھہ کے درمیان ملاقات بہت ضروری ہے۔ حامد ناصر چٹھہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ اُن کے کسی سے کوئی ذاتی اختلافات نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کسی سے ملنے سے گریزاں ہیں۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024