اپنے فیصلے خود کرنے میں ہی ہماری نجات ہے: ظفر الحق

22 مارچ 2012
اسلام آباد (محمد نواز رضا / وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پارٹی قیادت کی موجودگی میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں میاں رضا ربانی کی طرف سے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر اپنے موقف کوحتمی شکل دے گی۔ پارٹی کے قائد محمد نواز شریف کی پاکستان واپسی پر جلد پارٹی کا اجلاس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں شدید عدم توازن جنرل پرویز مشرف کے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا۔ صورتحال اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ امریکہ کے سفیر بھی آج کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو ہماری طرف دیکھنے کی بجائے اپنے حالات کو خود بھی درست کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو نوائے وقت کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا سبق ہے جو نہ صرف حقیقت کے قریب ہے بلکہ اسی میں ہماری نجات ہے اور خود انحصاری اور اپنے فیصلے خود کرنے کی جرات پیدا کرنا شاید ابتداءمیں ایک کٹھن مرحلہ نظر آئے لیکن اس پر مضبوطی سے چلتے رہنے سے ایسی آسانیاں پیدا ہوں گی، اصل راستہ یہی ہے اور اس پر قومی اتفاق رائے قوم کو ایک باعزت زندگی کی راہ دکھا سکتا ہے۔