پرویز الہی نے شہباز شریف پر تنقید سے اپنے جرائم چھپانے کی کوشش کی: رانا ثناء

22 مارچ 2012
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہی نے وزیراعلی شہباز شریف پر تنقید کرکے اپنے جرائم چھپانے کی کوشش کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وزیراعلی پنجاب مہران بنک سکینڈل کے حوالے سے اپنی پریس کانفرنس کے ذریعے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر چکے ہیں جس کے بعد کسی کو ان کی ذات پر انگلی اٹھانے کی جرات نہیں ہوئی البتہ پنجاب کے عوام چودھریوں سے یہ سوال ضرور کرتے ہیں کہ وہ آج تک این آئی سی ایل اور پنجاب بنک میں اربوں کے ڈاکے پر کیوں منہ چھپاتے پھر رہے ہیں؟ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویز الہی نے اپنی چوریوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ہی ان لوگوں کے ساتھ سیاسی اتحاد کیا جن کے خلاف وہ پوری زندگی تنقید کرتے رہے۔ دراصل چودھری برادران ابن الوقت سیاست کے علمبردار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا نصب العین عوام کی خدمت کرنا ہے ہمیں آمروں کا ساتھ دینے والوں کے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ آئی اےن پی کے مطابق ایک انٹرویو میں رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر اور امریکی شہری وائن سٹائن کی بازیابی کے لیے اغوا کاروں سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے انہیں جلد بازیاب کرا لیا جائے گا، جنرل طارق مجید کے داماد عامر ملک کی رہائی بھی مذاکرات کا نتیجہ تھی۔