عالمی بنک نے تربیلا ڈیم کی توسیع سمیت 2 منصوبوں کے لئے ایک ارب 9 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی

22 مارچ 2012
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ورلڈ بنک کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان میں دو منصوبوں کیلئے 1.09 ارب ڈالر قرضے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ تربیلا میں ہائیڈرو پاور کے توسیعی منصوبے کے لئے 840 ملین ڈالر منظور کئے گئے ہیں جس کی تکمیل کے بعد 1410 میگا واٹ بجلی سسٹم میں آسکے گی۔ دوسرے منصوبے کے تحت 250 ملین ڈالر کا قرضہ پنجاب میں آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت آب پاشی کے جدید نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔ بنک کا کہنا ہے کہ یہ قرضہ 25 سال کیلئے 1.25 فیصد سود کے ساتھ دیا جا رہا ہے جس میں پانچ سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔