ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا

22 مارچ 2012
میرپور/ ڈھاکہ (اشرف چودھری) ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا، فائنل دن ایک بجے شروع ہو گا، بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی ہے جبکہ پاکستان دوسری بار جیتنے کیلئے پُرعزم ہے۔ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کامیابی کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی۔ فائنل میں تبدیلیاں کی جائیں گی، بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحمن نے کہاکہ فائنل میں پاکستان کو بھی شکست سے دوچار کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کا 31 واں میچ کھیلا جائیگا اب تک کھیلے جانے والے 30 میچز میں سے پاکستان ٹیم نے 29 جبکہ بنگلہ دیش نے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے جانے والے 10 مقابلوں میں پاکستان ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کر رکھا ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے خلاف صرف ایک کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔11 ویں ایشیا کپ 2012ءکے لیگ میچز میں دونوں ٹیموں نے دو دو میچز میں کامیابی حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ شیر بنگلہ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پانچواں ٹاکرا ہے۔ ٹائٹل کی فاتح ٹیم کو 6لاکھ ڈالرز جبکہ رنر اپ کو 3لاکھ ڈالر ملیں گے۔ آئی این پی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے تاہم باﺅلنگ اور فیلڈنگ میں موجود خامیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے شعبے نے بھارت کے خلاف میچ میں حوصلے بلند کر دئیے تاہم مڈل آرڈر میں ابھی تک خامیاں موجود ہیں جنہیں دور کر رہے ہیں۔آئی این پی کے مطابق وزارت داخلہ نے فائنل کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔