میٹرو بس سروس سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی تیزرفتار ٹرانسپورٹ میسر آئیگی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس کا منصوبہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، منصوبے سے لوگوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا۔ میٹرو بس سروس کے اجراءسے عوام کو بین الاقوامی معیار کی آرام دہ اور تیز رفتار پبلک ٹرانسپورٹ میسر ائٓے گی۔ مسافر وں کی تکالیف کا خاتمہ ہوگا اور مسافر تیز رفتار بس سروس کے ذریعے اپنی منزل پر بروقت پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر ترقیاتی کام بلاناغہ دن رات جاری رکھا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو ۔ وہ میٹرو بس سروس کے منصوبے پر پیش رفت کے لیے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیئرمین بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم مہر اشتیاق احمد، ارکان اسمبلی ملک سیف الملوک، رمضان صدیق بھٹی، ڈاکٹر سعید الہی، حافظ میاں نعمان، محسن لطیف، خواجہ عمران نذیر، ڈاکٹر اسد اشرف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر و ڈی سی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف ٹریفک آفسیر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس سروس کا کاہنہ سے شاہدرہ تک 32 کلومیٹر طویل ٹریک عالمی معیار کے مطابق تعمیر ہوگا۔ یہ ٹریک ٹریفک انجینئرنگ کی بہترین مثال ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم لاہور کے شہریوں کے لئے حکومت پنجاب کا عظیم تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاہنہ سے کلمہ چوک تک ٹریک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ شاہدرہ سے کلمہ چوک تک ٹریک کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ عوام اس منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے پر ترقیاتی کام مسلسل جاری رکھا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ فیروز پور روڈ پر تاجر برادری، عوام اور مسافروںکی سہولت کے لئے مناسب مقامات پر پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور برق رفتار تکمیل حکومت پنجاب کا خاصا ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو عام آدمی کی بھلائی کے لئے میٹرو بس سروس کے اجراءاور دیگر فلاحی منصوبوں پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف
شہبازشریف