طالبان کے تربیتی مراکز تباہ کرنے کے پاکستانی عزم کی تائید کرتے ہیں: روس

22 مارچ 2012
ماسکو (آئی این پی) روس نے طالبان کے تربیتی مراکز مسمار کرنے کے پاکستانی حکام کے عزم کی تائیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بارے میں غیر جانبدارانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، دہشت گرد پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہیں اس لئے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، انسداد دہشت گردی کے لئے افغانستان کے ساتھ مکالمے کے لئے سازگار حالات پیدا کئے جائیں۔ بدھ کے روز افغان ٹی وی چینل ”طلوع“ کو دئے گئے اپنے انٹرویو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ روس طالبان کے تربیتی مراکز مسمار کرنے کے پاکستانی حکام کے عزم کی تائید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بارے میں غیرجانب دارانہ رویہ اپنائے جانے کی ضرورت ہے چاہے یہ لوگ کسی بھی ملک سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ چونکہ دہشت گرد پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہیں اس لئے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی پر افغانستان کے ساتھ مکالمہ کو فروغ دینے کے پاکستان کے منصوبے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس مکالمے کے لئے سازگار حالات پیدا کیا جانا اشد ضروری ہے۔
روسی وزیر خارجہ