افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان آج روانہ ہوگا
اسلام آباد:افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان سے لدے ٹرک آج شب خوست روانہ ہوں گے ۔وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر بھجوائے جانے والا امدادی سامان خوست میں افغان حکام کے حوالے کیاجائے گا افغانستان بھجوائے جانے والے سامان میں خیمے، ترپالیں، کمبل اور ادویات شامل ہیں۔ امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کا قافلہ براستہ غلام خان کالے زنگ سے خوست پہنچے گا جہاں یہ امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیاجائے گا۔ وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام امدادی سامان کی روانگی اور افغان حکام کو حوالگی کے عمل میں اشتراک عمل کررہے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے افغانستان میں زلزلہ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی طرف سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت امدادی سامان بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔