لیسکو حکام کی توجہ کیلئے
مکرمی! گزارش ہے کہ تقریباً ایک ہفتہ سے ہمارے علاقے کینال بنک میاں رشید روڈ گلی نمبر 8 نزد فتح گڑھ میں بجلی کی ترسیل کا نظام خراب پڑا تھا‘جس کی وجہ ٹرانسفارمر میں خرابی تھی۔ ولٹیج باربار اوپرنیچے ہو رہے تھے جس سے الیکٹرانک چیزیں جلنے کا شدید خطرہ لاحق تھا۔ شکایت کے باوجود عملہ نہ پہنچا تو ٹیلی فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن دوسری جانب سے فون بند کر دیا گیا۔ایک شدید گرمی اور دوسری جانب ان کا یہ رویہ کافی ناگوار گزر رہا تھا۔ بالآخر شکایت درج کرانے دفتر جانا پڑا ‘ خیال یہی تھا کہ وہاں گرما گرم بحث ہوگی لیکن وہاں جاکر پتہ چلا کہ عملہ صبح سے مختلف علاقوں میں کام کرنے گیاہوا ہے جو گزشتہ کئی دنوں سے شکایات دور کرنے میں مصروف ہے۔ وہاں پر موجود انکے انچارج کے ملاقات ہوئی تو وہ مجھے یقین دلانے کیلئے میرے ساتھ خود عامرٹائون گئے جہاں ان کا عملہ کام میں مصروف تھا صرف دو افراد پر مشتمل تھا۔ انچارج نے بتایا کہ یہ دونوں صبح سے شام تک اسی طرح کام میں لگے رہتے ہیں لیکن پھر بھی کچھ شکایات باقی رہ جاتی ہیں۔ جن کی شکایات دور نہیں ہو پاتیں وہ ہمیں کوسنے لگتے ہیں کہ یہ لوگ نہ فون سنتے ہیں نہ کام کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جہاں شکایات کا انبار ہو اور انہیں دور کرنے والے صرف دو افراد ہوں تووہاں شکایات کا فوری ازالہ کیسے ممکن ہے۔ لیسکو حکام کو چاہیے کہ وہ عملے کی تعداد میں فوری اضافہ کرے تاکہ گرمی کے اس موسم میں عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔ ان حقائق کی روشنی عوام کو بھی اپنے رویوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ (ڈاکٹر سلیم اختر، کینال بنک لاہور)