قومی کر کٹر یونس خان نے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کوچنگ چھوڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونس خان نے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یونس خان سے متعلق پی سی بی نے بھی اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے ۔ دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مختصردورانیہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، امید ہے کہ یونس خان اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔
واضح رہےکہ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔