مریم اونگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کا ذہن سیاسی انتقام میں پاگل ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے نیازی گٹھ جوڑ نے سیاسی انتقام کی ذمہ داری سنبھال لی ہے ۔عمران صاحب نے اپنے دفتر کا غیر قانونی اور ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ایف آئی اے کا نوٹس بھجوایا ہے یہ وہی الزامات ہیں جن کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز دوران قید پہلے ہی جواب دے چکے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کو این آر او دینے کے بعد عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ایف آئی اے بلایا گیا ہے۔ عوام دشمن بجٹ کی وجہ سے عوام کی چیخوں کی آواز بند کرنے کے لئے سوچی سمجھی سازش کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ایف آئی بلایا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا ہے کہ عوام کی جیب خالی ہے۔ اس لئے یہ بجٹ جعلی ہے کا سچ بولنے پر شہباز شریف کو ایف آئی اے بلایا گیا ہے بجٹ میں 383 ارب کے ٹیکس لگانے، مہنگائی کا ایک نیا سونامی لانے سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو ایف آئی اے بلایا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ عمران صاحب کا پست ذہن خواتین اور معصوم بچوں کے قاتلوں اور مجرموں کی وکالت کرتا ہے۔