وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اراکین صوبائی اسمبلی عائشہ نواز اور سیدافتخار حسن گیلانی کی ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں انہوں نے عائشہ نواز اور سیدافتخار حسن گیلانی کو بجٹ میں عوام کے لیئے ریلیف فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی پروگرام کے لئے 560 ارب روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت حقیقی معنوں میں مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتنے بہترین اور عوام دوست بجٹ کو پڑھے بغیر ہی تنقید برائے تنقید کررہی ہے ۔ اپوزیشن کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب ہے- عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں۔
وزیراعلی پنجاب نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ہے جبکہ بہترین بجٹ پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن تمام محاذوں پر ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
اپوزیشن کا کام صرف تنقید برائے تنقید کرنا رہ گیا ہے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔