او آئی سی کے رابطہ گروپ کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش
جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا کوئی بھی قدم نہ اٹھائے کیونکہ یہ غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ارکان نے پیر کے روز گروپ کے ہنگامی آن لائن اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں نئے جاری کئے گئے جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے حکم نامے مجریہ 2020ء اور جموں و کشمیر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے قوانین مجریہ 2020ء کو مسترد کر دیا جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ سال پانچ اگست اور نئے ڈومیسائل قوانین کے اقدامات، چوتھے جنیوا کنونشن اور بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے وعدوں سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔