وزیراعظم کے نام ریٹائرڈ وفاقی ملازمین کی اپیل
مکرمی : سیکٹرجی 14 اسلام آباد سولہ سال قبل ریٹائرڈ اور ریٹائرمنٹ کے قریب وفاقی ملازمین کو الاٹ کیا گیا تھا تاکہ یہ ملازمین سر چھپانے کے لیے اپنے لیے گھر بنا سکیں لیکن 16 سال کا طویل عرصہ گزر گیا کچھ ساتھی تو دل میں جی 14 میں اپنے گھر کی حسرت لئے ایچ 11 قبرستان میں ابدی نیند جا سوئے ۔ الاٹیز کی امید اس وقت دوبارہ جاگی جب موجودہ سی ای اوکے طور پر وسیم حیات باجوہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں ، اپنے ساتھ ایک اچھی ٹیم تیار کی ۔ وزیراعظم کے 50 ھزار گھروں کے وزن کو لے کر اچھے اقدامات شروع کیے۔ باجوہ صاحب نے 16 سال قبل وفاقی ملازمین کو الاٹ کیے گئے سیکٹر جی چودہ اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات کو گرانے اور زمین کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے غیرقانونی قابضین کو نوٹسز کے ذریعے معقول وقت دیا تاکہ وہ ازخود غیرقانونی قبضہ چھوڑ دیں۔ دئیے گئے وقت کے بعد غیر قانونی قابضین سے زمین واگزار کرانے کے لیے پچھلے دنوں اپریشن کلین اپ کا آغاز کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر ، ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل اظہر اور ڈپٹی ڈائریکٹر احسان اور انکی سائٹ پر موجود ٹیم نے بھرپور حصہ لیا ۔ اب یکدم یہ تمام کاروائیاں روک دی گئی ھیں ۔ کچھ ذرائع یہ خبر دے رھے ھیں کہ چند مقامی ممبر ان اسمبلی ان ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن روکنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں الاٹی ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ھوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم سے براہ راست اوپن درخواست کی جائے کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے ۔ ساتھ ساتھ اسلام آباد کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی یاد کرایا جائے کہ سرکاری ملازمین اپ کا مستقل ووٹ بنک ھیں ۔ ھم نے اپکو ووٹ دے کر زمینوں کے قبضہ مافیا کے خلاف ایک جہاد کیا تھا جو لوگ آپ کا نام استعمال کر رھے ھیں ان کی سرکوبی کی جائے ۔سولہ سالہ جی 14 کے مسئلے کا مستقل حل حق داروں کو حق دلانا ھے ۔ ھم الاٹیز کو پوری امید ھے کہ وزیراعظم عمران خان اور ھمارے قابل احترام ممبران قومی اسمبلی اسد عمر اور علی نواز صاحبان اس مشکل گھڑی میں ھمارے ساتھ کھڑے ھوں گے( متاثرین سیکٹر جی چودہ اسلام آباد )