وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میثاق معیشت کو مذاق کہہ کر مریم نواز نے اپنے ہی چچا کا مذاق اڑایا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کا معاشی مسائل کے حل کے لیے ایک جگہ بیٹھنے کے حوالے سے میثاق معیشت کی تجویز پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دی تھی۔
آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چارٹر آف اکانومی کو مذاق معیشت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’موجودہ حکومت، جس نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، سے کوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا‘۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’مریم نواز کو چاہیے تھا کہ شہباز شریف سے جماعت کے صدر ہونے کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کریں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز نے میثاق معیشت کو مذاق قرار دے کر اپنے چچا کا مذاق اڑایا اور کہا کہ وہ اس سے متفق نہیں‘۔
نواز شریف کی جیل میں صحت کی خرابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’کیا مریم نواز ایک کوالیفائڈ ڈاکٹر ہیں؟، انہیں اپنے والد کی صحت کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے تھا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز جو میڈیکل کے شعبے میں داخل تو ہوئی لیکن غیر نصابی سرگرمیوں میں اتنی ملوث ہوگئیں کہ وہ ڈاکٹری میں پیچھے رہ گئیں‘۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز نے آج جو صف ماتم بچھایا اس میں سب سے پہلے اپنے ہی چچا کے خلاف نوحہ پڑھا اور اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آج ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) 2 بیانیوں میں پھنسی نہیں بلکہ اس میں دھنس گئی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے مسلسل حکومت پر نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے مگر آج ان کی راجکماری نے رپورٹس کو پڑھ کر سنایا اور خود معاملے کو سیاست کی نظر کیا ہے‘۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج ایک سزا یافتہ خاتون نے پریس کانفرنس کی، جس نے قطری خط سے شہرت حاصل کی تھی، 3 مرتبہ وزیر اعظم رہنے والا منی لانڈرنگ کرتا رہا، پاناما کے ذریعے اثاثے بنانے کی چوری سامنے آئی، جس کو ہم نے اپنا لیڈر چُنا وہ چور دروازے سے اپنے اثاثے بناتا رہا.
فردوس عاشق نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محترمہ نے کہا تھا ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، آپ اور آپ کے نومولود لیڈر میں سیاسی بلوغت کی کمی ہے، آپ کی بجٹ کے خلاف تحریک سیون اسٹار گھر جاتی امرا ہی میں دم توڑ گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مریم نواز نے آج جان بوجھ کر پریس کانفرنس کی، قطری کا پاکستان آنا ان کو ناگوار گزرا، مریم نواز نے آج قومی اداروں پر حملے کیے، لیکن یہ نہ بھولیں آپ کی سزا ختم نہیں ہوئی، آپ ضمانت پر ہیں، آپ جرائم پیشہ خاتون ہیں، عدالت نے بری نہیں کیا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر کے لیے سرمایہ کار ملک بنانے جا رہے ہیں، امیر قطر پاکستان کے لیے خصوصی سرمایہ کاری پیکج لے کر آ رہے ہیں، امیر قطر کا دورہ وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب قطر کا نام آتا تھا تو ساتھ ہی قطری خط کا بھی تاثر تھا، قطری خاندان کے ساتھ مخصوص خاندان کا بھی ذکر آتا، ماضی میں تعلقات ذاتی ہوتے تھے لیکن آج ایسا نہیں ہے، پاکستان کو دنیا کے لیے پر کشش ملک بنانے جا رہے ہیں۔