کراچی سے پی ٹی آئی کو حادثاتی طور پر مینڈیٹ ملا:آصف حسنین
کراچی (نیوزرپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل و صدر کراچی آرگنائزنگ کمیٹی سید آصف حسنین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کراچی میں حادثاتی طور پر بھاری مینڈیٹ مل جانے کے باوجود کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔ جبکہ سندھ حکومت کراچی میں مینڈیٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعصب کا شکار ہے، سندھ حکومت کے گزشتہ بارہ سالوں کی حکومت میں کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقے کئی دہائیوں پیچھے چلے گئے، دنیا چاند پر پلاٹنگ کر رہی ہے، یہ صوبے کے دارالخلافہ کی گٹر لائنیں ٹھیک نہیں کر پا رہے۔ کراچی والوں کو بے وقوف اور لاوارث سمجھ لیا گیا ہے کہ اب یہاں کے نام نہاد خود ساختہ ٹھیکیداروں کو ایک وزارت دینے کے بعد کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہوگا۔ پیپلز پارٹی خود اپنی نا اہلی، مجرمانہ غفلت اور کرپشن کو بچانے میں مصروف ہے۔ ایسے میں وفاقی حکومت ملک کی معاشی شہ رگ کے جو چاہے سلوک کرے تو ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی والے جب دوسروں کیلئے کھڑے ہو سکتے ہیں تو اپنے اور اپنے بچوں کے حقوق کے لیے بھی سڑکوں پر آ سکتے ہیں، کوئی خوابوں کی دنیا میں نہ رہے، اب کراچی کیلئے بغیر کسی ذاتی مفاد کیلئے آواز اٹھانے والی قیادت موجود ہے، ہم جانتے ہیں کہ کراچی بنے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ کراچی کے حقوق سلب کر کے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتیں بتائیں کہ ملک سے دشمنی کیوں کی جا رہی ہے؟ ان خیالات کا اظہار سید آصف حسنین نے اراکین کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 162 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کر کے بجٹ میں اس کا زکر نہ کرنا کراچی دشمنی ہے، جس کیلئے کراچی والے حکومت اور اس کے اتحادیوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔