30جون کو سہراب گوٹھ تا مزار قائد’’کراچی عوامی مارچ‘‘ ہوگا: حافظ نعیم
کراچی (نیوزرپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق و اختیارات اور عوام کو درپیش بے شمار مسائل کے حل کے لیے تحریک کا آغاز کررہی ہے جس کا سلوگن ’’کراچی کو عزت دو‘‘رکھا گیا ہے۔30جون کو ’’کراچی عوامی مارچ‘‘کا انعقاد کیا جائیگا۔مارچ سہراب گوٹھ سے مزار قائد تک کیا جائے گا۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تینوں حکومت میں ہیں لیکن کراچی کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تینوں جماعتیں اور ان کی حکومتیں کچھ کرنے پر تیار نہیں۔ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں کراچی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ کراچی کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ K-4کراچی کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جسے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ آر او پلانٹ کی باتیں تو بہت کی جاتی ہیں لیکن K-4منصوبہ مکمل نہیں کیا جاتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، جماعت اسلامی شہری و بلدیاتی امور کے نگراں و صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈوکیٹ، رکن سندھ اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔