تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے اپنے کسی دوست یا رشتہ دار کو ٹکٹ نہیں دیا اورنہ ہی کسی سے ٹکٹ کیلئے کوئی پیسہ لیا ہے ۔ اپنے حق کے لئے پرامن احتجاج پر کارکنوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بنی گالا میں احتجاج کرنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ میں کارکنوں کے جذبے کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ آپ کا جذبہ انصاف لینے کا ہے ۔ ہم نے ڈی چوک میں اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ انصاف کیلئے 136دن گزارے ۔ ہم چاہتے تھے کے 2013کے الیکشن کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ ہم کو انصاف نہیں مل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کے ٹکٹ دینے میں نا انصافی ہوئی تو یہ آپ کاحق تھا یہاں آنا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں 136دن اتنے مشکل نہیں تھے جتنے ٹکٹ دینے میں 3ہفتے گزارے ۔ ساڑھے چارہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لئے اپلائی کیا تھا ابھی تک ساڑھے چارسو لوگوں کو ٹکٹ ملے اور زیادہ سے زیادہ سات سو لوگوں کو ٹکٹ ملیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کارکنوں کے آواز بلند کرنے پر میں از سرنوجائزہ لے رہا ہوں کیونکہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں کے کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ 10فیصد حلقوں میں ہمیں مشکل پڑ رہی ہے کیونکہ کچھ امیدواروں کے جیتنے کے زیادہ مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ہم جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں کیونکہ اگر لیکشن جیتیں گے تو تبدیلی لے کر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ آسان کام نہیں ہے لیکن میں دیانتداری سے پوری کوشش کرہا ہوں اور دو تین دن کے اندر لسٹ کاجائزہ لیکردوبارہ لسٹ شائع کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کسی رشتہ دار یادوست کو ٹکٹ نہیں دیا اور نہ ہی کسی امیدوار سے ایک پیسہ لیا ہے ۔دوسری جانب زعیم قادری کہہ رہا ہے کہ مجھ کوحمزہ شہباز نے اس لئے ٹکٹ نہیں دیا کہ میرے پاس پیسے نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے میری یہ کوشش ہے کہ اسمبلی میں ان خواتین کو لیکر آئیں جو قانون سازی جانتی ہوں اور اسمبلی میں بات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے پرامن احتجاج کیا اوراب آپ پرامن ہو کر بیٹھیں اگلے دو تین دن تک نئی لسٹ جاری ہو جائے گی ۔دریں اثناء تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ۔اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میانوالی سے انتخابی مہم شروع کرنے کے پیچھے خاص مقصد ہے کیوں کہ 2002کے انتخابات میں میانوالی کے لوگوں نے مجھے پہلی مرتبہ منتخب کیا، اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج سیاست نہ کر رہا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ میانوالی کے نوجوانوں کی بدولت تحریک انصاف آج سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور میانوالی سے انتخابی مہم سے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے 2018 کی انتخابی مہم کا آغاز کروں گا جس میں میانوالی کی عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے جس کے لیے قائد نے کوشش اور اقبال نے خواب دیکھا اور تحریک انصاف ہی پاکستان کے عظیم خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38