قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی۔دونوں رہنماﺅں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور انہوں نے کروڑوں روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق خورشید شاہ کے مجموعی اثاثے 3کروڑ،59 لاکھ، 15ہزار 359 روپے کے ہیں، ان کے پاس ریجنٹ کے علاقے میں 3 لاکھ 10 ہزار روپے کا گھر ہے جب کہ وہ میمن سوسائٹی میں 20 لاکھ روپے مالیت کے پلاٹ کے مالک بھی ہیں۔خورشید شاہ نے دستاویزات میں اسلام آباد میں 2 پلاٹوں کی ملکیت ظاہر کی ہے اور ان کا ایک کینال کا پلاٹ 55 لاکھ اور دوسرا 8 لاکھ روپے کا ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر نے گھوسری میں 20 اور 3 ایکڑ زمین 26 لاکھ 86 ہزار 76 روپے مالیت کی ظاہر کی جب کہ کوٹری میں 100 ایکڑ زرعی زمین 16 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔خورشید شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم میں نارا کاٹن فیکٹری میں 21 لاکھ روپے مالیت کے 25 فیصد شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی مد میں 21 کروڑ 39 لاکھ 18 ہزار 499 روپے ظاہر کیے ہیں۔ مراد علی شاہ ڈی ایچ اے کراچی میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے بنگلے کے مالک ہیں جب کہ انہوں نے اثاثوں میں مختلف مقامات پر 51 ایکڑ زرعی اراضی بھی ظاہر کی ہے۔دستاویزات کے مطابق مراد علی شاہ نے 10 تولے زیوارت بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کیے جب کہ ان کے پاس 22 لاکھ اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی 2 گاڑیاں ہیں۔مراد علی شاہ کے پاس بینک میں 2 لاکھ 64 ہزار 368 ڈالرز بھی ہیں، اس کے علاوہ 275 ایکڑ پر محیط ایک ٹرسٹ بھی ان کی ملکیت میں شامل ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024