بلوچستان ٹریبونل میں اپیلوں کی سماعت‘ صادق عمرانی کے کاغذات منظور
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت) بلوچستان میں اپیلٹ ٹربیونل میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت جاری ہے‘ پیپلز پارٹی کے رہنما صادق عمرانی سمیت 4 امیدواروں کے کاغذا ت نامزدگی منظور‘ ٹربیونل نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دیدیا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اعجاز سواتی پر مشتمل دو اپیلٹ ٹریبونلز کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کر رہے ہیں پی بی 11 نصیر آباد سے رہنما پیپلز پارٹی صادق عمرانی کے کاغذات منظور کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دیدیا۔ ریٹرننگ آفیسر نے پی بی 11 میں صادق عمرانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔ پی بی 41 واشک سے بی این پی مینگل کے امیدوار ظاہر بلوچ کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دیدیا۔ ٹریبونل نے پی بی 11 نصیر آباد ون سے آزاد امیدوار عارف ابڑو کو بھی الیکشن کیلئے اہل قرار دیدیا۔ الیکشن ٹریبونل نے پی بی 11 نصیر آباد ون سے آزاد امیدوار میر مجتبیٰ مراد ابڑو کا نام بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیدیا۔
بلوچستان/ اپیلوں کی سماعت