ہاکی میوزیم لندن کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے یادگار ہاکی سٹک کا تحفہ
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) لندن میں واقع "ہاکی میوزیم" میں ہاکی سے متعلقہ یادگار ی چیزیں رکھی گئی ہیں۔ لندن میں ان دنوں ہاکی ورلڈ لیگ کے میچز ہو رہے ہیں جس میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم بھی شریک ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکر ٹری جنرل اولمپیئن شہباز احمد سینئر سمیت قومی ہاکی ٹیم کے دیگر آفیشلز بھی لندن میں موجود ہیں۔ گذشتہ روز پی ایچ ایف کے سیکر ٹری جنرل شہباز احمد سینئر نے انگلینڈ ہاکی کی سی ای او سیلی منڈے کو "دی ہاکی میوزیم" کیلئے ایک یادگار ہاکی سٹک عطیہ کے طور پر دی۔ اس ہاکی سٹک پر پاکستان کی ان ٹیموں کے کپتانوں کے آتو گراف موجود ہیں جنہوں نے تین اولمپک اور چار ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ جن کپتانوں کے آٹو گراف موجود ہیں ان میں 1960کے روم اولمپک کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان بریگیڈیئر عبدالحمید حمیدی، 1968میکسیکو اولمپک کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان ڈاکٹر طارق عزیز اور1984لاس اینجلس اولمپک کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان منظور جونیئر کے علاوہ 1971ء، 1978ئ، 1982ءاور1994ءکے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے کپتانوں بالترتیب خالد محمود، اصلاح الدین، اختر رسول اور شہباز احمد سینئر کے آتو گراف موجود ہیں۔ اس مو قع پر انگلینڈ ہاکی لیگ کی سی ای او نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہاکی سٹک لندن کے ہاکی میوزیم کیلئے ایک گرانقدر تحفہ ہے جس پر اپنے دور کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے دستخط موجود ہیں۔ ہم اس تحفے پر پاکستان کے شکر گذار ہیں۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے آفیشلز اولمپیئن خالد بشیر اور کرنل (ر) محسن بھی موجود تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہاکی میوزیم کی دیکھ بھال انگلینڈ کی ہاکی فیڈریشن دی انگلینڈ ہاکی اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ( ایف آئی ایچ(مشترکہ طور پر کرتی ہیں۔