عوامی مطالبات کا مذاق اڑانے والوں کا اقتدار ختم ہونے والا ہے‘ حلیم عادل شیخ
کراچی ( نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ کراچی کا امن ایک بار پھر خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، بھتہ خور اور ٹارگٹ کلر دوبارہ سر اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی سے مطمین ہیں مگر کچھ شرپسند عناصر اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے ۔ عوامی مطالبات کا مذاق اڑانے والوں کا اقتداراب ختم ہونے والا ہے ،قوم کے خرچوں اور یتیموں کا مال کھانے والے حکمران اس ملک کا سودا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔قوم دیکھ لے کہ یہ کس قسم کی حکومت ہے وزیراعظم کے بغیر بھی ملک چل رہاہے ،ایک طرف وفاق بیان بازیوں میں مصروف ہے تودوسری جانب سندھ کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی باتیں کی جارہی ہیں چہرے تبدیل کرکے نظام بچانے کا خیال بچکانہ ہے ،وزیراعظم کا علاج بھی عوامی خرچ پر اور ان کی عیادت کے لیے جانے والے بھی سرکاری خزانے پر سیر سپاٹے کررہے ہیں ۔عادل ہائوس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھاکہ حکومت میں ایک سے بڑھ کر ایک کرپٹ وزیر ہے مہنگائی اور بدامنی کے ذریعے عوام کو سماجی برائیوں میں مبتلا کیا جارہاہے ،ان لوگوں کو لوٹ مار کی سیاست پر عبور حاصل ہے ملک کو کس انداز میں چلانا ہے یہ نواز لیگ کے بس کا روگ نہیں ہے ۔