اسلامی ممالک، او آئی سی میانمار کے مسلمانوں کیلئے بھرپور کردار ادا کریں: ملی یکجہتی کونسل
کوئٹہ (آن لائن) ملی یکجہتی کونسل کی صوبائی کابینہ، عہدیداران کا اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی صدر و امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین اخوندزادہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عالم اسلام خصوصاً میانمار، مصر، بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال، بدامنی، مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اورکوئٹہ کے حالات پر حکومتی کردار پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا گیا۔ میانمار کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فنڈ ریزنگ میں حصہ لیا جائے۔ اجلاس میں اسلامی ممالک و اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی سے مطالبہ کیاگیا و ہ میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے قتل عام کو رکوائے اور ملوث دہشت گردوں کو سزا دیں۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے، اقوام متحدہ اور عالم اسلام، مسلم حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ اور ظالموں کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کی سزاکی پاداش میں جماعت اسلامی کے قائدین کو سزادینا وحشیانہ ظلم وانتقامی سیاست کی انتہا ہے۔