صوابی:گھریلو تکرار پر فائرنگ کر کے بھائی اور بھابھی کو قتل کر دیا
صوابی (صباح نیوز) صوابی کے علاقہ تھانہ کالو خان کی حدود میں موضع بنگلہ دیش آدینہ میں گھریلو تکرار پر بھائی نے گھر کے اندر اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے بھائی اور بھابی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ سے بھتیجی اور ایک بھتیجا شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق تین یوم قبل امیرالملک اور ان کے بھائی علی مراد وغیرہ کے مابین زبانی تکرار ہوئی تھی۔ اتوار کی سہ پہر امیرالمک نے اپنے بھائیوں کے گھر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی ان کا بھائی فلک نیاز اور بھابی مسماۃ (ب) زوجہ علی مراد جاں بحق ہو گئی جبکہ مقتول فلک نیاز کی بیوہ مسماۃ (ن)، مقتولہ زوجہ علی مراد کے بیٹے ابوبکر ولد علی مراد اور ایک بیٹی (ف) دختر علی مراد زخمی ہو گئی۔ دریں اثناء موضع بیکا میں زبانی تکرار پر چاقو سے وار کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ حیات گل سکنہ بیکا نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے بتایا ان کے بیٹے منصور پر حماد سکنہ مانکی حال بیکا نے چاقو سے وار کر کے ہلاک کر دیا وجہ قتل مقتول اور ملزم کے مابین زبانی تکرار بیان کی ہے۔