مختلف شہروں میں غربت، گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ پانچ افراد کی خودکشی
لاہور (نمائندگان) قصور سمیت مختلف شہروں میں گھریلو جھگڑوں، غربت اور بیروزگاری سے تنگ آکر 5 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں نوجوان شفیق نے بیروزگاری اور والدین کے طعنوں سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا جبکہ ایک دوسرے نوجوان اعجاز نے بھی خودکشی کی کوشش کی لیکن اسے بروقت ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حبیب آباد میں نوجوان حیدر نے غربت سے تنگ آکر پھندا لے لیا۔ فیصل آباد کے چک 202 رب گٹی کے 20 سالہ احسان علی نے زہر نگل لیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بہاولنگر میں 50 سالہ شخص اشرف نے گلے میں پھندا ڈال کر جھول گیا۔ متوفی اپنے گھرمیں اکیلا رہتا تھا۔ سرگودھا میں 20 سالہ نوجوان ساجد نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے آپ کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔