چین اقتصادی راہداری منصوبے کے فنڈز میں ایک ارب ڈالر اضافہ کر سکتا ہے
لاہور (افتخار عالم/ نیشن رپورٹ) چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر بھارت اور بعض دیگر ممالک کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد چین کی جانب سے اس پراجیکٹ کیلئے فنڈز میں ایک ارب ڈالر اضافے کی توقع ہے۔ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ اقتصادی راہداری کے فیز ون پروگرام میں پاکستان ریلویز کی ترقی کیلئے مزید فنڈز مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ اس رقم کا تعین اب تک نہیں کیا جا سکا تاہم یہ اضافہ ایک ارب ڈالرز تک ہو سکتا ہے۔ چین پہلے ہی پاکستان ریلویز میں 3.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ یہ رقم پاکستان ریلویز کی مرکزی لائن ون (کراچی‘ پشاور‘ ٹیکسلا تا حویلیاں) کی اپ گریڈیشن اور حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کی تعمیر پر خرچ ہو گی۔ فیز ون پروگرام کے حوالے سے انجینئرز نے چینی عہدیداروں سے مشاورت سے واضح کیا ہے کہ 3.7 ارب ڈالر کے فنڈز اس پروگرام کیلئے ناکافی ہیں اور چین نے اس پروگرام کیلئے تمام ضروری فنڈز فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ریلویز کے اس پروگرام کی فزیبلٹی رپورٹ اس سال ستمبر میں مکمل ہو گی۔ اگلے سال جنوری میں کام کا آغاز اور 2019ء میں اس کی تکمیل ہو گی۔ پروجیکٹ کے فیز ون میں ریل کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لے جانے اور 25 ٹن وزن اٹھانے کا ہدف شامل ہے۔ چین نے اقتصادی راہداری کیلئے 46 ارب ڈالر کے پاکستان کے ساتھ 51 ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں۔