پشاور: لیگی عہدیدار کے گھرپر فائرنگ‘وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے معاون خصوصی کیخلاف مقدمہ
پشاور (آئی این پی) پشاور میں مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر موسیٰ زئی کے گھر پر فائرنگ کرنے کے الزام میں وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک کے معاون خصوصی اشتیاق ارمڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے مقامی کارکن نے لیگی رہنما ناصرموسیٰ زئی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ۔مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر موسیٰ زئی نے خیبرپی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے معاون خصوصی اشتیاق ارمڑ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ان کے گھر پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کی۔پولیس نے ناصرموسیٰ زئی کے بیان پر چار مختلف دفعات کے تحت اشتیاق ارمڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ میں دو سو سے زائد کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔دوسری طرف تحریک انصاف کے مقامی کارکن زرعلی نے ناصر موسیٰ زئی کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران ناصرموسیٰ زئی کی فائرنگ سے تحریک انصاف کا ایک کارکن زخمی ہوا۔