زرداری کے فوج کے خلاف بیان سے انہیں ہی خطرہ ہے، سسٹم کو نہیں: عمران
لندن (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری کے فوج کے خلاف بیان کے بعد سسٹم کو نہیں خود زرداری کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں ہونے والا میثاق جمہوریت اصل میں چارٹر آف مک مکا تھا، زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک اربوں کے اثاثے بنائے ہوئے ہیں۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو زرداری اور نواز شریف کیلئے خطرہ بنتا ہے، اس کو جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دے دیا جاتا ہے۔ زرداری کو خطرہ ہے کہ سندھ میں زمینوں پر ناجائز قبضے، کرپشن اور دیگر ہتھکنڈوں سے جتنی لوٹ مار ہورہی ہے، اس کا پردہ بے نقاب ہوجائے گا اور سب کو پتہ چل جائے گا کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ زرداری اور نواز شریف نے بیرون ملک اربوں کے اثاثے بنا لئے ہیں، ان کے بچے کروڑوں کے فلیٹس میں رہ رہے ہیں، حال ہی میں بیرون ملک چالیس ارب روپے کی پراپرٹی خریدی گئی ہے۔ سندھ میں حکومت کی پشت پناہی سے مافیا لوٹ مار کررہا ہے۔ چیف جسٹس ناصر الملک اور تمام ججز پر پورا اعتماد ہے۔ جوڈیشل کمشن کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے۔ جوڈیشل کمشن کے فیصلے سے پاکستان کا انتخابی سسٹم بدل جائے گا۔ پاکستان میں نئی سیاسی تاریخ لکھی جارہی ہے۔ مانتا ہوں کہ خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں بدانتظامی ہوئی۔ روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر خاموشی دکھانے پر او آئی سی کو شرم آنی چاہئے۔